نئی دہلی، 7 ؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )آپ کے وزراء کے غیر ملکی دورے کی تفصیلات مانگنے کے لیے لیفٹیننٹ گورنر نجیب جنگ کی تنقید کرتے ہوئے دہلی کے وزیر داخلہ ستیندر جین نے آج کہا کہ ان کی پارٹی کے وزراء کا اس طرح کا دورہ ملک کی دوسری جماعتوں کے وزراء کے مقابلے میں کم ہے۔انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ لیفٹیننٹ گورنر کب سے وزراء کے غیر ملکی دورے کی نگرانی کرنے لگے ہیں ۔انہوں نے جنگ کو چیلنج کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے غیر ملکی دورے پر بھی اسی طرح کی تفصیلات مانگ کر دکھائیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے گزشتہ ہفتے دہلی حکومت کے جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کو ہدایت دی تھی کہ آپ کے وزراء ، ان کے نجی ملازمین اور دیگر حکام کے پچھلے 18ماہ میں تمام غیر ملکی دوروں کی تفصیلات مہیا کرائیں۔لیفٹیننٹ گورنر کے دفتر نے غیر ملکی دورے کے علاوہ بیرون ملک میں قیام کے وقت، غیر ملکی دورے پر آئے اخراجات اور دورے کے مقصد کی بھی تفصیلات مانگی ہے۔دہلی کے وزیر اعلی کے قریبی مانے جانے والے جین نے کہاکہ کیا انہوں (جنگ )نے وزیر اعظم کے غیر ملکی دورے کی تفصیلات مانگی؟ وزراء کے غیر ملکی دورے کی نگرانی کب سے انہوں نے شروع کر دی؟انہوں نے کہاکہ آپ کے وزیر حکومت سے منظوری ملنے کے بعد صرف سرکاری مقاصد سے بیرون ملک کا دورہ کرتے ہیں، پورے ملک کے مقابلے میں سب سے کم دورہ ہم نے کیا ہے۔اگر ہم ذاتی مقصد سے بیرون ملک جاتے ہیں تو اپنا پیسہ خرچ کرتے ہیں۔سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا اور جین سرکاری اخراجات پر چارچار بار بیرون ملک کا دورہ کر چکے ہیں۔لیبر کے وزیر گوپال رائے اور جین 5 دن کے سوئیڈن دورے پر گئے تھے۔بہر حال حکام نے واضح کیا کہ برخاست وزیر سندیپ کمار خاندان کے ساتھ نجی دورے پر امریکہ گئے تھے۔